بھتہ خوروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگئی:آئی جی سندھ

بھتہ خوروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگئی:آئی جی سندھ

کراچی: انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ آباد کی جانب  سے دیے گئے مخصوص بھتہ خوروں کے ناموں کے علاوہ دیگر بھتہ خوروں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے،میر رضا قتل کیس کو حل کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھوں گا،کوشش کروں گا کہ بلڈرز اور ڈیولپرز کے مسائل کمشنر کی زیر قیادت کمیٹی  سے حل کرائے جائیں۔

کراچی میں جرائم کی شرح میں 14 فیصد کمی آئی ہے جبلہ سندھ میں قتل و غارت کے  واقعات میں 70 فیصد کمی ہوئی ہے،  54 کیسز حل کیے گئے، 72 ملزمان گرفتار، 12 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 9 ملزمان مارے گئے، 4 بھتہ خوروں کے ریڈ وارنٹ جاری  کرانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) محمد حسن بخشی نے کہا کہ بلڈرز کو ازبکستان اور دیگر ملکوں  کے نمبرز سے بھتے کی کالز موصول ہورہی ہیں بھتہ خوروں کی جانب سے بلڈرز کے پروجیکٹ پر بم دھماکوں کی دھمکیاں دی جارہی ہیں،میر رضا  کیس کی تحقیقات  اداروں پر شہریوں  کے اعتماد کو کم کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آباد ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ،ایڈیشنل آئی جی آزاد خان،  چاروں اضلاع کے ایس ایس پیز،آباد کے سینئر وائس چیئرمین سید افضل حمید،وائس چیئرمین طارق عزیز،چیئرمین سدرن ریجن احمد اویس تھانوی، سابق چیرمین جنید اشرف طالو اور آباد کے ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ گزشتہ6 ہ کے دوران نیشنل ہائی وے پر جرائم کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور مجموعی طور پر سندھ میں جرائم کی صورتحال تسلی بخش ہے۔انھوں نے رضا عامر کیس کے حوالے سے  کہا کہ تحقیقات میں پہلے ایک رپورٹ سامنے آئی، بعد ازاں مختلف حقائق سامنے آئے، جس کے باعث تحقیقاتی ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہے۔ رضا عامر کیس میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

آئی جی سندھ نے مزید بتایا کہ بیرون ملک بیٹھے بھتہ خوروں کے ریڈ وارنٹ جاری ہوچکے ہیں۔ کاغذی کارروائی طویل ہوتی ہے، تاہم پولیس اس حوالے سے کام کرچکی ہے۔ ایران کے ساتھ جنگی حالات کے باعث معاملہ کچھ التوا کا شکار ہوا، لیکن بیرون ملک بیٹھے گینگسٹرز کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور انھیں واپس لایا گیا تو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔آئی جی سندھ نے کہا کہ ایک اور اہم کیس پر بھی کام جاری ہے اور جلد اس حوالے سے اچھی خبر دی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ بلڈرز بھتہ خوری کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثرہ طبقہ ہیں، اس لیے ان کی شکایات کے ازالے اور تحفظ کے لیے پولیس اپنا کردار ادا کرے گی۔

چیئرمین آباد نے کہا کہ میر رضا  کے والدین کا انصاف ملنا چاہیے۔ سرجانی اور ملیر کے بعد اب ایم نائن پر بھی زمینوں پر قبضوں کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔ آباد نیزمینوں پر  قبضوں کے معاملے پر ہر متعلقہ فورم پر آواز اٹھائی ہے، تاہم کراچی میں لینڈ مافیا اور بھتہ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔

حسن بخشی نے کہا کہ ہمارے لوگ جب قبضہ چھڑانے کے لیے جاتے ہیں تو الٹا ان ہی کے خلاف مقدمہ درج ہوجاتا ہے، یہاں تک کہ ہمارے جو لوگ اپنی زمینوں پر موجود نہیں ہوتے ان کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کردی جاتی ہے۔ ضمانت حاصل کرنے کے باوجود پولیس چھاپے مارنے پہنچ جاتی ہے، جبکہ عدالت اگر قبضہ خالی کرانے کا حکم دے تو اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔

انھوں نے کہا کہ صمد کاٹھیا واڑی اور جمیل چھانگا بھتہ خوری میں بہت سرگرم ہیں، متعلقہ اداروں کو ان سمیت تمام بھتہ خوروں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ آباد کے ممبران کے کاروبار اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے پولیس کی مدد درکار ہے۔

حسن بخشی نے کہا کہ بلاول زرداری کی جانب سے بزنس کوآرڈینیشن کمیٹی سمیت مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ بزنس کوآرڈینیشن سمیت دیگر کمیٹیوں کی سربراہی کمشنر کراچی کررہے ہیں۔ ان کمیٹیوں کے ذریعے کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدام  کیے جانے چاہئیں۔علاوہ ازیں آبادکی لا اینڈ آرڈ کمیٹی کے کنوینر سید معیز زیدی نے کہا کہ آباد کے ممبران کا سب سے بڑا مسئلہ بھتہ خوری ہے،۔انھوں نے آئی جی سندھ سے درخواست کی کہ بھتہ خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں