کورنگی میں جلسہ اظہار تشکر،کراچی کے لیے یکجہتی اور تعمیر کا پیغام
کراچی: پورے کورنگی ٹاؤن میں کروائے جانے والے ترقیاتی کاموں پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ سے اظہارِ تشکر کے لیے اہلیانِ یوسی 9 کورنگی کی جانب سے W-22 اسٹاپ، پر ایک عظیم الشان جلسۂ عام کا انعقاد کیا گیا، جس میں کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی، رؤف احمد ناگوری، سید نجمی عالم، سابقه صدر ضلع کورنگی پی پی پی جانی میمن، چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ، وائس چیئرمین زرین اعوان، یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز، پی ایس کے صدور سمیت دیگر معزز شخصیات نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی، جب کہ کورنگی ٹاؤن کے افسران و ملازمین، اراکینِ کونسل، سٹی ایریا 93 کے عہدیداران، صحافیوں اور پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والے 200 سے زائد جیالوں سمیت لانڈھی کورنگی کی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہری علاقوں میں سڑکوں، نکاسیٔ آب، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری عوام کی اہم ضرورت ہے اور یہ سارے کام پاکستان پیپلز پارٹی کے ہوتے ہورہے ہیں پوری کراچی کی عوام ہم سے خوش ہے اس لئے آج مختلف برادری کے لوگ اور مختلف پارٹی سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد لوگوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رؤف احمد ناگوری نے اپنے خطاب میں کہا جلسۂ عام کے دوران اہم سیاسی شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان پارٹی کی کامیابی ہے
جلسۂ عام کے موقع پر متعدد اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے اپنی ٹیموں اور ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے ان اعلانات کو سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا۔ نئی شمولیت اختیار کرنے والی شخصیات نے پارٹی قیادت کے ساتھ مل کر عوامی خدمت اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے اپنے خطاب میں اہلیانِ یوسی 9 اور جلسے میں شریک تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی ٹاؤن کی تعمیر و ترقی، صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور علاقے کی بہتری بلدیاتی اداروں کی ترجیحات میں شامل ہیں، جبکہ ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے کے لیے افسران، ملازمین اور عوامی نمائندوں کا تعاون اہمیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر اہلیانِ یوسی 9 نے کورنگی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں پر چیئرمین محمد نعیم شیخ سے اظہارِ تشکر کیا۔ جلسے میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت نے علاقے میں بلدیاتی امور اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے عوامی دلچسپی کو نمایاں کیا۔
