میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن کی قیادت میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد

میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن کی قیادت میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ریلی کا انعقاد

کراچی: میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن ذیشان صالح کی قیادت میں 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر صدر ٹاؤن کے ہیڈ آفس سے ایک بھرپور یکجہتی ریلی نکالی گئی جس میں صدر ٹاؤن کے افسران، ملازمین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگائے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر صدر ذیشان صالح نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب 1947 میں بھارتی افواج نے جموں و کشمیر میں قدم رکھا۔ اس دن سے کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق، آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ان کی جدوجہد میں حمایت جاری رکھنا ہماری اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے۔

میونسپل کمشنر ذیشان صالح نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ انسانی حقوق، انصاف اور حقِ خودارادیت کا معاملہ ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کے پُرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان کی جانب سے ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن ذیشان صالح نے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر منانے کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال اور کشمیری عوام کی مشکلات کی جانب مبذول کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری کے عوام طویل عرصے سے اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جبکہ ان کے مسائل کے حل کے لیے عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

ذیشان صالح نے کہا کہ صدر ٹاؤن کی انتظامیہ کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور اس عزم کی تجدید کرتی ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی اور ان کے جائز حقوق کی حمایت ہر سطح پر جاری رہنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اجتماعات کا مقصد نئی نسل میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا، قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور عالمی برادری تک یہ پیغام پہنچانا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ریلی کے دوران شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھی جائے گی اور مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا جاتا رہے گا۔

صدر ٹاؤن کے ہیڈ آفس سے شروع ہونے والی اس ریلی میں ٹاؤن کے مختلف شعبہ جات کے ملازمین، افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رہے گی۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں