ورلڈ کلچر فیسٹیول میں بلدیہ عظمیٰ کراچی آرٹس کونسل کی پارٹنر ہوگی، ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے:مرتضیٰ وہاب
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی، آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیراہتمام ورلڈ کلچر فیسٹیول کی پارٹنر ہوگی اور فیسٹیول کی تقریبات کے انعقاد کے لیے بارہ دری، برنس گارڈن اور دیگر موزوں مقامات فراہم کیے جائیں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی فیسٹیول کے لیے مقامات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سڑکوں، میونسپل سروسز اور اشتہارات کے حوالے سے بھی بھرپور تعاون کرے گی، یہ بات انہوں نے صدر آرٹس کونسل آف پاکستان احمد شاہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، مشیر مالیات گلزار ابڑو اور دیگر بھی موجود تھے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں عالمی سطح کے ثقافتی پروگرام کا انعقاد شہر کے لیے ایک اعزاز ہے، ایسے فیسٹیولز سے کراچی کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے اور دنیا بھر کے فنکاروں کو شہر سے متعارف کرانے میں مدد ملتی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور میئر آفس شہر میں ہونے والے ہر مثبت اور عوامی نوعیت کے ایونٹ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے شہریوں کے لیے ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کا ایک اہم موقع ہوگا، اس لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی فیسٹیول کے انعقاد میں آرٹس کونسل آف پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی،انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیسٹیول کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے آرٹس کونسل کے ساتھ مسلسل رابطہ اور مکمل کوآرڈینیشن رکھا جائے تاکہ تمام ضروری بلدیاتی سہولیات بروقت فراہم کی جاسکیں۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈی جی پارکس اور سینئر ڈائریکٹر کلچر کو ہدایت کی کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کے ساتھ مکمل رابطے میں رہتے ہوئے فیسٹیول کے لیے مقامات، پارکس، سڑکوں اور دیگر میونسپل سہولیات کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے،
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
