جناح ٹاؤن یو سی 6 کے زیرِ اہتمام کے ایم سی گراؤنڈ میں شاندار ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ، چیئرمین رضوان عبد السمیع کی شرکت
کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہماری ترجیح ہے، چیئرمین رضوان عبد السمیع
کراچی: جناح ٹاؤن یو سی 6 کے ایم سی گراؤنڈ میں یو سی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ نہایت شاندار انداز میں منعقد کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کی نگرانی وائس چیئرمین یو سی 6 قاری سیف الرحمٰن نے کی، جبکہ مختلف ٹیموں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ دن بھر جاری رہنے والے سنسنی خیز مقابلوں کے بعد فائنل میچ بھی اسی روز کھیلا گیا جس نے شائقینِ کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔
اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین رضوان عبد السمیع نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت راستے پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور معاشرے میں مثبت رجحانات کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے یو سی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔
اختتامی میچ کے اختتام پر چیئرمین رضوان عبد السمیع نے فاتح ٹیم اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں اسناد، ٹرافیاں، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر علاقہ کے معززین، یو سی نمائندگان اور شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور شرکت کی۔
