گلستانِ جوہر میں تجاوزات کے خلاف رات گئے گرینڈ آپریشن، پہلوان گوٹھ روڈ سمیت مختلف مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اور میٹروپولیٹن کمشنر ابرار جعفر کی خصوصی ہدایات پر شہر بھر میں جاری 15 روزہ انسدادِ تجاوزات مہم کے سلسلے میں 31 اکتوبر کی شب گلستانِ جوہر ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔
ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کراچی ڈویژن سید شیر علی رضوی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایسٹ سید عباس مہدی کی سرپرستی میں ہونے والی اس کارروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ گلستانِ جوہر جنید رضا اور ان کی ٹیم نے حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران پہلوان گوٹھ روڈ، منور چورنگی سے خیبر ہوٹل تک، منور چورنگی، کامران چورنگی اور بلاک 14 گلستانِ جوہر سمیت مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی پتھاروں، عارضی تجاوزات اور سڑکوں پر قائم رکاوٹوں کو ہٹایا گیا جبکہ تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
اینٹی انکروچمنٹ حکام کے مطابق شہر میں جاری 15 روزہ انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت سرکاری اراضی، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور عوامی گزرگاہوں کو بحال کرنا اس مہم کے بنیادی مقاصد ہیں۔
حکام نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا اور دوبارہ غیر قانونی تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
