
فیصل آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی مہم کے سلسلے میں تاندلیانوالہ فیصل آباد میں ایک عظیم الشان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا پارٹی نہ صرف وفاقی حکومت بنائے گی بلکہ پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں پنجاب کے جیالوں کے درمیان انتہائی خوشی ہو رہی ہے، کچھ قوتین یہ سمجھتی تھیں کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو راستے سے ہٹا کر وہ پاکستان پیپلزپارٹی کو ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور غریبوں کو چکل دیں گے اور جیالوں کا راستہ روک دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں ان قوتوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم نہ جھکنے والے ہیں نہ پیچھے ہٹنے والے ہیں۔ ہم تو وہ ہیں جو تمام سیاسی قوتوں کے خلاف انتخاب لڑ رہے ہیں اور ہم یہ ثابت کر رہے ہیں کہ پنجاب کا بھٹو ابھی تک زندہ ہے اور ہم اپنے حقوق واپس چھین لیں گے، ہم لوگوں کو غریب دشمن، کسان دشمن، عوام دشمن پارٹیوں سے بچائیں گے۔ یہ وہی پارٹیاں ہیں جنہیں پنجاب میں مسلط کیا گیا تھا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت ہم شدید غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کا سامنا کر رہے ہیں۔ جب قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو غریبوں، مزدوروں اور کسانوں کے وزیراعظم بنے اور جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو مسلم امہ کی پہلی وزیراعظم بنیں تو اس وقت فیصل آباد کے عوام کا بھی حصہ تھا کیونکہ یہ وزرائے اعظم غریبوں، کسانوں ، مزدوروں، طالب علموں اور عوام کے وزیراعظم تھے۔ ہم اسی قسم کی حکومت لاہور اور اسلام آباد میں قائم کریں گے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ایک بار پھر ایک جیالا پنجاب کا وزیراعلیٰ ہوگا اور ایک جیالا وزیراعظم بنے گا، اگر آپ اسی طرح مدد کریں جس طرح شہید قائد عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مدد کی تھی تو ہم ایک دفعہ پھر غربت مہنگائی اور بیروزگاری کا مقابلہ کریں گے۔
