چیئرمین کورنگی ٹاؤن کا میونسپل کمشنر کورنگی کے ہمراہ تمام محکموں کے ڈائریکٹرز کے ساتھ اہم اجلاس
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ اور میونسپل کمشنر غلام سرور راہوپوٹو کی زیرِ صدارت ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کے تمام محکموں کے ڈائریکٹرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی، فراہمی و نکاسی آب، پارکس کی بحالی، شجرکاری، اسٹریٹ لائٹس، تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات کی بہتری سمیت مختلف بلدیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران تمام محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور درپیش مسائل کے حوالے سے چیئرمین اور میونسپل کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ترقیاتی کاموں کی رفتار، معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے ہدایت کی کہ تمام محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا فوری اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔
چیئرمین محمد نعیم شیخ نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
میونسپل کمشنر غلام سرور راہوپوٹو نے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ اپنے اسٹاف کے وقت کی پابندی اور محکموں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنائیں، فیلڈ میں جاری کاموں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور دفتری امور کے ساتھ عملی اقدامات پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن، بروقت فیصلے اور ذمہ داریوں کی ادائیگی سے ہی ادارے کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
