ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے سولہویں روزبچوں کا تھیٹر، جیولری ڈیزائن ورکشاپ اور فلم اسکریننگ، تھیٹر،میوزک اور ڈانس کا انعقاد

ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے سولہویں روزبچوں کا تھیٹر، جیولری ڈیزائن ورکشاپ اور فلم اسکریننگ، تھیٹر،میوزک اور ڈانس کا انعقاد

ورلڈ کلچر فیسٹیول میں بلوچستان کے نوجوانوں سے مل کر خوشی ہوئی،احمد شاہ کے کام کا مداح ہوں، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو

محمد احمد شاہ ’’Piñata Horse‘‘ کے دوران بچوں میں گھل مل گئے،بچوں کی فرمائش پر روایتی گیتوں پر رقص اور گانے بھی سنائے

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے سولہویں روز بچوں کا تھیٹر، جیولری ڈیزائن ورکشاپ ،فلم اسکریننگ، تھیٹر،میوزک اور ڈانس کا انعقاد کیا گیا۔ اسپین کے تھیٹر گروپ Barafunda Teatro کی جانب سے بچوں کے لیے دلچسپ پرفارمنس ’’Piñata Horse‘‘ پیش کی گئی،رنگ برنگے غباروں سے تیار کیے گئے دیوہیکل گھوڑے اور کلاؤن کی انوکھی انٹری نے بچوں کی توجہ حاصل کرلی، جبکہ ہسپانوی فنکار کی مزاحیہ حرکات اور انٹرایکٹو اداکاری نے اسکول کے بچوں کو خوب محظوظ کیا۔

پرفارمنس کے اختتام پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جتنی محبت اپنے بچوں سے کرتے ہیں اتنی ہی محبت آپ سب سے بھی کرتے ہیں، آپ سب جب چاہیں یہاں آسکتے ہیں۔ اس موقع پر بچوں نے محمد احمد شاہ کے ساتھ تصاویر بنوائیں، ان کی فرمائش پر شاعری اور گانے سنائے جبکہ روایتی گیتوں پر رقص بھی پیش کیا۔ صدر آرٹس کونسل نے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں نقد انعامات تقسیم کیے۔ فیسٹیول میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا دورہ کیا اور فیسٹیول کے تحت جاری مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے ’’رائز بلوچستان سماجی ہم آہنگی پروگرام‘‘ (RISE Balochistan Social Cohesion Programme) میں شرکت کرنے والے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد سے بھی ملاقات کی اور بلوچی موسیقی سے محظوظ ہوئے۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی خوبی ہے کہ وہ پورے پاکستان کو متحد کرتے ہیں، میں ان کے کام کا مداح ہوں۔ خوشی ہے کہ دنیا بھر کے فنکار کراچی میں موجود ہیں اور آرٹس کونسل کراچی ایک ایسا گلدستہ بن گیا ہے جہاں ہر ثقافت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی مہمانوں کی سیکیورٹی کا ہر طرح سے خیال رکھا جا رہا ہے۔ بلوچستان میں تین سال ملازمت کے دوران وہاں کے لوگوں سے خصوصی تعلق رہا، آج بلوچستان کے نوجوانوں سے مل کر خوشی ہوئی۔ یونانی فنکاراؤں Iro Xenakis اور Sofia Perraki کی جانب سے منعقدہ  جیولری ڈیزائن ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء کو زیورات کی تیاری اور ڈیزائننگ کے مختلف طریقے سکھائے گئے۔

Iro Xenakis نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کسی نمونے کی نقل کرنے کے بجائے اپنے تخیل اور تخلیقی صلاحیتوں سے منفرد چیزیں بنائیں۔ ورکشاپ کے دوران Sofia Perraki نے بھی شرکاء کی معاونت کی۔ پاکستانی فلموں کی خصوصی اسکریننگ میں عون الحیدر کی فلم ’’The Shadows Left Behind‘‘ اور ارسلان مجید کی فلم ’’Beyond The Wetlands‘‘ پیش کی گئیں۔متحدہ عرب امارات، اسپین اور بیلاروس کے تین منفرد تھیٹر پلے پیش کیے گئے۔ متحدہ عرب امارات کی مصری فنکارہ امانی الفیتوری کا دستاویزی و جسمانی تھیٹر پلے ’’EXIST‘‘ میں خواتین کو درپیش تشدد، جبر اور سماجی ناانصافیوں کو جسمانی حرکات، براہِ راست موسیقی اور دستاویزی ویڈیو پروجیکشنز کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔

اسپین کے تھیٹر گروپ Barafunda Teatro کے مزاحیہ پلے ’’The Sandwich Club‘‘ میں ایک ایسے شخص کی دلچسپ کہانی پیش کی گئی جو سینڈوچ حاصل کرنے کی کوشش میں زندگی کی مختلف الجھنوں سے دوچار ہوتا ہے جبکہ بیلاروس کے ریپبلکن تھیٹر آف بیلاروسی ڈرامیٹرجی کے پلے ’’Savka’s Joke‘‘ میں روایتی دیومالائی کہانیوں، ازدواجی نوک جھونک اور مافوق الفطرت واقعات کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا۔ تینوں پرفارمنسز میں مختلف ثقافتوں، سماجی موضوعات اور تھیٹر کے منفرد انداز نے شائقین کی توجہ حاصل کی۔

فیسٹیول کے 16ویں روز کا اختتام ڈانس اور میوزیکل پروگرام ’’Eclectic Rhythms‘‘ پر ہوا جس میں چلی کے معروف فنکار Sergio Catalán، متحدہ عرب امارات، شام، تیونس، امریکا اور مونٹی نیگرو کے فنکاروں پر مشتمل Lamma Ensemble، سوڈان کے محمد آدم (Muhammad Adam) اور انڈونیشیا کے لوک فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام میں پاکستان کی جانب سے مانی چاؤ (Mani Chao)، نگہت چوہدری، فرخ دربار اور آرٹس کونسل کے سوپاوا (ACP SOVAPA) کے فنکاروں نے بھی پرفارم کیا۔

میوزیکل پروگرام میں مختلف ممالک کی موسیقی، رقص اور ثقافتی رنگوں کو یکجا کیا گیا، جس سے شائقین کو عالمی ثقافت اور فنونِ موسیقی سے لطف اندوز ہوئے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں