لیاقت آباد ٹاؤن کی جانب سے ہونہار طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ اور الیکٹرک اسکوٹی کی تقسیم

لیاقت آباد ٹاؤن کی جانب سے ہونہار طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ اور الیکٹرک اسکوٹی کی تقسیم

کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کی جانب سے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہونہار طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک پروقار تقریب نرسری گراؤنڈ، لیاقت آباد نمبر 05 میں منعقد کی گئی، جس میں اے پلس اور اے گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، جبکہ اے پلس گریڈ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سب سے ہونہار طالبہ کو خصوصی طور پر الیکٹرک اسکوٹی بھی پیش کی گئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان تھے، جبکہ چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے تقریب میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کے ہمراہ ہما بوائز پرائمری اسکول، لیاقت آباد نمبر 5 کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین اسحاق تیموری، میونسپل کمشنر دریاخان پتافی، کوآرڈینیٹر صغیر احمد انصاری، یوسی چیئرمینز،وائس یوسی چیئرمینز بلدیاتی افسران و ملازمین، طلبہ و طالبات، اساتذہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ہما بوائز پرائمری اسکول کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیم اور تربیت پر سرمایہ کاری ہی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جن طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں، یہ ان کی محنت کا اعتراف اور ان کے بہتر مستقبل کی جانب ایک قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے پلس اور اے گریڈ حاصل کرنے والے بچوں نے اپنے والدین، اساتذہ اور علاقے کا نام روشن کیا ہے، ایسے بچوں کی حوصلہ افزائی پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ جدید دور میں تعلیم کے ساتھ ٹیکنالوجی سے واقفیت بھی انتہائی ضروری ہے، اس لیے طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کرنا انہیں جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک بہترین اقدام ہے۔

انہوں نے نمایاں طالبہ کو الیکٹرک اسکوٹی دیے جانے کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے انعامات بچوں میں مزید محنت اور کامیابی کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔

چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا راستہ تعلیم سے ہو کر گزرتا ہے، ہمارا مقصد لیاقت آباد کے بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ اے اور اے پلس گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں، ان کی حوصلہ افزائی دراصل پورے معاشرے کے روشن مستقبل کی حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد ٹاؤن کی جانب سے تعلیمی شعبے میں بہتری اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

میونسپل کمشنر دریاخان پیتافی نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، اس لیے بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہونہار طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے اور اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں