ماڈل ٹاؤن میں عید میلادالنبی صلعم کے حوالے سے بلدیاتی انتظامات کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس
کراچی: قائم مقام چیئرمین ماڈل کالونی ٹاؤن فیصل باسط، میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ، چیف کوآرڈینیٹر نجم الدین کی زیر صدارت عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سے قبل بلدیاتی انتظامات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس ٹاؤن کونسل ہال میں منعقد کیا گیا۔
ربیع الاوّل کی مناسبت سے منعقدہ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول ؐ مقبول سے کیا گیا۔
منعقدہ اجلاس میں جماعت اہلسنت پاکستان، تحریک لبّیک پاکستان، پاکستان سنی تحریک و دیگر کے علاوہ المصطفی ویلفیئر سوسائٹی کے ٹرسٹی محمد اویس آفاقی نے اپنے وفد اور میلاد مصطفی کے منتظمین مساجد کمیٹیوں کے عہدیداران کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔
دنیا بھر کی طرح ماڈل کالونی ٹاؤن میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم مذہبی عقیدت و جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔ ٹاؤن چیئرمین فیصل باسط علماء کرام ماہ ربیع الاوّل میں اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کریں اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔
قائم مقام ٹاؤن چیئرمین فیصل باسط، میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ، چیف کوآرڈینیٹر نجم الدین کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ غلام اکبر، اسسٹنٹ جنرل مینیجر گینگزو کمپنی سنیل، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ماڈل زون کے ایگزیکٹو انجینئر واٹر محمد حسین، ایگزیکٹو انجینئر سیوریج شوکت نواب، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر سیوریج محمد ریحان، ڈائریکٹر سینیٹیشن ٹی ایم سی ماڈل کالونی نیئر علی خان، ڈائریکٹر پارک آصف غلام قادری، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر مکینیکل اینڈ الیکٹریکل محمد عامر، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر مکینیکل اینڈ الیکٹریکل شاہنواز خان اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔
منعقدہ اجلاس میں ربیع الاوّل کی آمد سے قبل جلوسوں کی گذرگاہوں، میلادالنبی کی محافل کے مقامات، مساجد اور ان کے اطراف بلدیاتی انتظامات اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے مشترکہ حکمت عملی طے کی گئی۔ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ماڈل کالونی کی جانب سے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر عاشقان رسول کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے ربیع الاوّل کی آمد سے قبل تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے تا کہ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر عاشقان رسول کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے۔
