چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کایو نین کمیٹی نمبر 07، بلاک 05،میں شجرکاری مہم کا آغاز
کراچی: چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے ماحول دوست اور سرسبز لیاقت آباد کے عزم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے یونین کمیٹی نمبر 06، بلاک 05، چونا ڈپو گرین بیلٹ، لیاقت آباد ڈاکخانہ میں پودا لگا کر باقاعدہ شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر وائس چیئرمین اسحاق تیموری،میونسپل کمشنر دریاخان پتافی، ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی، ڈائریکٹر سینی ٹیشن تفضل حسین سمیت دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ شرکاء نے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ لیاقت آباد کو مزید سرسبز، صاف ستھرا اور ماحول دوست علاقہ بنایا جائے گا۔ چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے کہا کہ درخت قدرت کا قیمتی تحفہ ہیں جو نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی لاتے ہیں بلکہ شہریوں کو صاف ہوا، خوشگوار ماحول اور بہتر مستقبل فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے شجرکاری وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، لہٰذا ہر شہری کو اس قومی ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیاقت آباد ٹاؤن میں پارکس، گرین بیلٹس، شاہراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر بڑے پیمانے پر پودے لگائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو صحت مند اور سرسبز ماحول میسر آ سکے۔
وائس چیئرمین اسحاق تیموری نے کہا کہ شجرکاری وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور ایک درخت کئی نسلوں کو فائدہ پہنچاتا ہے۔ ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے، درجہ حرارت میں کمی لانے اور قدرتی حسن کو فروغ دینے کے لیے ہر فرد کو کم از کم ایک پودا ضرور لگانا چاہیے۔ انہوں نے شہریوں، سماجی تنظیموں، نوجوانوں اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ ٹاؤن انتظامیہ کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور لگائے گئے پودوں کی حفاظت کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھیں۔ میونسپل کمشنردریا خان پتافی نے کہا کہ صرف پودے لگانا ہی کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت، نگہداشت اور آبیاری بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ٹاؤن انتظامیہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتر اور سرسبز ماحول فراہم کیا جا سکے۔
