چیئرمین گلبرگ ٹاؤن تین سال میں 16 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ادا کردیے،مزید 31 لاکھ 50 ہزار روپے کے چیکس تقسیم
تین سال میں 16 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ادا، ریٹائرڈ اور مرحوم ملازمین کے ورثاء میں مزید 31 لاکھ 50 ہزار روپے کے چیکس تقسیم
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے ٹاؤن آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران ریٹائرڈ ملازمین اور مرحوم ملازمین کے ورثاء میں مجموعی طور پر *31 لاکھ 50 ہزار روپے* کے چیکس تقسیم کیے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی، سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، بجٹ آفیسر وسیم احمد، اکاؤنٹ آفیسر محسن اور دیگر محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ یہ ادائیگیاں ملازمین کی طویل، دیانتدارانہ اور محنتی خدمات کے اعتراف کا اظہار ہیں۔ منتخب بلدیاتی قیادت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کو ان کے واجبات بروقت اور مکمل طور پر فراہم کیے جائیں تاکہ انہیں مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ *موجودہ بلدیاتی قیادت نے گزشتہ تین سال کے دوران لیو انکیشمنٹ اور فائنل سیٹلمنٹ کی مد میں 16 کروڑ روپے سے زائد رقم ادا کی ہے،* جو ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کا واضح ثبوت ہے۔
چیئرمین نصرت اللہ نے کہا کہ ایماندار اور محنتی ملازمین گلبرگ ٹاؤن کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات کا تقاضا ہے کہ انہیں عزت و احترام کے ساتھ ان کے تمام واجبات ادا کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ واجبات کی بروقت ادائیگی تمام متعلقہ محکموں کی مؤثر کارکردگی، میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی کی خصوصی کاوشوں اور محکمہ فنانس کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بالخصوص بجٹ آفیسر وسیم احمد اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، جن کی انتھک کوششوں سے یہ ادائیگیاں بروقت ممکن ہوئیں۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی امیدیں لیو انکیشمنٹ، پنشن اور دیگر واجبات سے وابستہ ہوتی ہیں، اس لیے ٹاؤن انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ یہ رقوم جلد از جلد ادا کی جائیں۔
سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات O.Z.T فنڈ اور اپنی Own Source آمدنی سے ادا کر رہا ہے، جو مالی نظم و ضبط اور منتخب بلدیاتی قیادت کی سنجیدہ حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔
تقریب کے اختتام پر ریٹائرڈ ملازمین اور مرحوم ملازمین کے ورثاء نے بروقت واجبات کی ادائیگی پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ، میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی اور ٹاؤن انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
