جناح ٹاؤن کا مالی سال 2026-27 کا 2 ارب 76 کروڑ سے زائد کا بجٹ  متفقہ طور پر منظور

جناح ٹاؤن کا مالی سال 2026-27 کا 2 ارب 76 کروڑ سے زائد کا بجٹ  متفقہ طور پر منظور

کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح ٹاؤن کا چوتھا بجٹ اجلاس چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع کی زیرِ صدارت ٹاؤن کونسل ہال میں منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کا 2,768,549,550 روپے (دو ارب، چھہتر کروڑ، پچاسی لاکھ، انچاس ہزار، پانچ سو پچاس روپے) کا بجٹ تفصیلی غور و خوض کے بعد متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، حمدِ باری تعالیٰ، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور حدیثِ مبارکہ سے کیا گیا۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، امن، ترقی، خوشحالی اور جناح ٹاؤن کی مزید تعمیر و ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، جس کے بعد اجلاس کی باقاعدہ کارروائی شروع ہوئی۔

اجلاس میں وائس چیئرمین حامد نواز خان، میونسپل کمشنر رئیس الٰہی بخش بنبھن، ٹاؤن کونسل کے معزز اراکین اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ بجٹ اجلاس کے دوران مالی سال 2026-27 کے مجوزہ تخمینوں پر تفصیلی بحث، مشاورت اور مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد کونسل نے متفقہ طور پر بجٹ کی منظوری دے دی۔

منظور شدہ بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، پارکس کی تزئین و آرائش، ماحول کی بہتری اور دیگر بنیادی بلدیاتی سہولیات کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں، تاکہ جناح ٹاؤن کی تمام یونین کونسلوں میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو معیاری، جدید اور دیرپا بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسمیع نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ عوامی ضروریات، منتخب نمائندوں کی مشاورت، شفاف حکمرانی، مالی نظم و ضبط اور متوازن ترقی کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناح ٹاؤن کو ایک جدید، منظم، صاف ستھرا اور مثالی بلدیاتی ادارہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جبکہ بنیادی شہری مسائل کے مستقل، مؤثر اور پائیدار حل کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مختص ہر فنڈ عوام کی امانت ہے، جسے مکمل شفافیت، دیانت داری، میرٹ اور احتساب کے اصولوں کے مطابق صرف عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولیات کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا، تاکہ جناح ٹاؤن کے ہر علاقے میں یکساں ترقی اور عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر بلدیاتی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر ٹاؤن کونسل کے اراکین نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی متفقہ منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے جناح ٹاؤن کی ترقی، مؤثر بلدیاتی نظام، شفاف مالی نظم و نسق اور عوامی خدمت کے فروغ کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا۔ اراکین نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شہری مسائل کے حل کے لیے منتخب قیادت اور انتظامیہ باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں