پاکستان بھی ایران جنگ سے بہت متاثر ہو رہا ہے:وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں جنگ کے شعلے ٹھنڈے کرنے کے لئے ہم نے بھرپور کوشش کی ہے۔ پاکستان باقی ممالک کی طرح اس جنگ سے بہت متاثر ہو رہا ہے۔
علاقائی کشیدگی کے باعث بچت اقدامات پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہمارے جو جہاز آبنائے ہرمز میں کھڑے تھے وہ نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے الحمدللہ وہاں سے گزر گئے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور آبنائے ہرمز سے ہمارے 2 جہاز انہی کی کوششوں سے گزرے ہیں، جونہی جنگ کے سائے منڈلانے لگے ہم نے بروقت اقدامات اٹھائے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے 2 ماہ کی تنخواہ رضاکارانہ طور پر سرنڈرکی، تیل کی کھپت میں 50 فیصد کٹوتی کی اور 60 فیصد گاڑیاں کھڑی کر دیں۔مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے وفاق نے 129 ارب روپے دیئے، زراعت ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو تحفظ دینا ہے، مل کر فنڈز اکٹھے کرنے اور بچت اقدامات نافذ کرنے ہیں۔
