کراچی میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہے:آئی جی سندھ
کراچی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہے، لندن اور نیویارک سے زیادہ کراچی ، کراچی میں ایک سال کے دوران 16500 موبائل چھنے جبکہ لندن میں 84 ہزار وارداتیں ہوئیں۔
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں صنعتکاروں سے خطاب میں انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ رواں سال جنوری سے کچے کے علاقے میں "نجات مہران آپریشن” تیز کیا گیا جس کے باعث 32 ڈاکو مارے گئے، 100 سے زائد گرفتار ہوئے جبکہ 225 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دئیے۔اور کچے کے علاقے کو ڈاکوؤں سے مکمل پاک کردیا ہے جس کے بعد لوگ اہل خانہ کے ساتھ بلا خوف و خطر کچے کے علاقے میں سفر کر سکیں گے۔ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ سال مارچ کے مقابلے رواں سال مارچ میں موٹرسائیکلیں چھیننے کے واقعات میں 54فیصد، گاڑیاں چھینے میں 48 فیصد، موبائل چھینے کے واقعات میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ کراچی میں ایک سال کے دوران 16 ہزار 500 موبائل چھیننے کے واقعات ہوئے، تاہم اگر دیگر ترقی یافتہ شہروں سے موازنہ کیا جائے تو لندن میں 84 ہزار واقعات ہوتے ہیں ، اس لحاظ سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال لندن اور نیویارک جیسے شہروں سے بہتر ہے۔ گن پوائنٹ پر اسنیچنگ کے دوارن قتل کے واقعات میں 88 فیصدتک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی میں جرائم کم ہورہے ہیں اور پولیس امن وامان قائم کرنے میں کامیاب ہوری ہے۔مقامی سطح پر تعاون کے بغیر پولیس کامیاب نہیں ہوسکتی اس لئےضروری ہے کہ کراچی کے شہری اور عوام پولیس سے تعاون کرے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ ٹریفک کی صورتحال کو بہتر کیا جارہا ہے، سیف سٹی پروجیکٹ دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جس میں چہرے شناخت کرنے والے کیمروں سمیت 2 ہزار 225 جدید اور ہائی ٹیک کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔ سڑکوں اور شاہراہوں پر روڈ سائن لگانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے پر ایف آئی آر درج کی جائیں گی تاکہ قانون کی بالادستی ہوسکے۔کاٹی کی درخواست پر کورنگی صنعتی علاقے کا احاطہ کرنے والے 4 تھانوں کو بھی موبائل ترجیحٰ بنیاد پر دی جائیں گی، ٹاسک فورس کی کامیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے کاٹی کی تجویز پر آئی جی آفس میں ماہانہ بنیاد پر میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔
