مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان میں موجودہ ایندھن ذخائر اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا
اجلاس میں ایندھن بچت اقدامات پر عملدرآمد اور سادگی مہم پر پیشرفت پر انٹیلی جنس بیورو کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور آئندہ کیلئے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے
بڑی گاڑیوں میں ہائی آکٹین ایندھن پر لیوی میں اضافے سے جیٹ فیول کی قیمتوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا موجودہ حالات میں قربانی کا سلسلہ حکومتی اخراجات میں کٹوتی سے شروع کیا، سرکاری اخراجات میں کمی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فی الفور بند کیا۔تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کرکے بچت اقدامات سے حاصل شدہ رقم عوامی ریلیف کیلئے بروئے کار لائی گئی، ڈیجیٹل نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائیں گے۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمزور اور متوسط طبقے کے لوگوں کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت اللہ کے فضل سے ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا۔پاکستان خطے میں امن کے حوالے سے سفارتی محاذ پر بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
