چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ،ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر رین ایمرجنسی کے مؤثر انتظامات پر تفصیلی غور
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی زیرِ صدارت ایک نہایت اہم اور جامع اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر رین ایمرجنسی کے مؤثر انتظامات اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر آغا خلیق، ڈائریکٹر سینیٹیشن لیاقت یوسف، ڈائریکٹر ٹیکسز اکبر بھمرو، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ حافظ محمد شعیب، ڈائریکٹر ہیومن ریسورس مینجمنٹ محمد قدیرالدین، ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس اسد صدیقی، ڈائریکٹر پارکس سلیم دربار، بی این آر ڈیپارٹمنٹ سے آفاق عالم اور جنید صدیقی جبکہ ایم اینڈ ڈی سے فہد جمیل سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تمام محکموں کے افسران نے اپنی اپنی کارکردگی، جاری ترقیاتی اسکیموں اور بالخصوص رین ایمرجنسی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے بریفنگ کا بغور جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ متوقع بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام عملہ ہمہ وقت الرٹ اور متحرک رہے، جبکہ نکاسیٔ آب کے نظام کو مکمل طور پر فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے ڈائریکٹر سینیٹیشن کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نالوں، نالیوں اور گٹروں کی صفائی کا عمل ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور ان تمام مقامات کی فوری نشاندہی کی جائے جہاں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کا خدشہ ہو۔ مزید برآں، ہیوی مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس کی بروقت دستیابی اور فعالیت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
چیئرمین نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ علاقے میں جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنا ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے اور تمام محکمے باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، خصوصاً بارشوں کے دوران بہترین انتظامات کے ذریعے عوام کو درپیش مشکلات سے محفوظ رکھا جائے گا۔
