چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی ہدایت پر متوقع بارشوں کے پیش نظر ٹاؤن میں ایمرجنسی نافذ
کراچی: محکمۂ موسمیات کی جانب سے حالیہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر جاری کی گئی پیشگوئی کے تناظر میں چیئرمین صدر ٹاؤن، جناب منصور احمد شیخ نے فوری اور ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
چیئرمین صدر ٹاؤن کی خصوصی ہدایات پر ٹاؤن بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ ممکنہ بارشوں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور عملہ بھاری مشینری اور ضروری سامان کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہے گا
تمام عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں اور انہیں اپنے اپنے فرائض پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ افسران کو واضح طور پر ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنی ٹیموں کے ہمراہ فیلڈ میں موجود رہیں اور نکاسیٔ آب، صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری امور کی نگرانی کو یقینی بنائیں۔
چیئرمین منصور احمد شیخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صدر ٹاؤن کی انتظامیہ شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
