چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر خصوصی اقدامات کی ہدایت
کراچی: چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ان کی ہدایت پر ٹاؤن انتظامیہ نے صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی اور عوامی مقامات کی بہتری کے اقدامات تیز کر دیے ہیں تاکہ عید کے ایام میں عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین منصور احمد شیخ نے کہا کہ عید خوشیوں کا تہوار ہے اور ہماری کوشش ہے کہ صدر ٹاؤن کے عوام اس موقع پر صاف ستھرے اور بہتر ماحول میں اپنی خوشیاں منا سکیں۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔
چیئرمین صدر ٹاؤن کی جانب سے تمام ملازمین کی عید سے قبل ایڈوانس تنخواہوں کی ادائیگی بھی کر دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں منا سکیں۔
