ریل مزدور محاذ پاکستان کا اجلاس NIRC کا تاریخی فیصلہ خوش آئند قرار
کراچی: ریل مزدور محاذ پاکستان کے ایک اہم اجلاس میں NIRC کے تاریخی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ریلوے محنت کشوں کے حقوق کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا اور اس پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس میں ریلوے حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس فیصلے کو بلا تاخیر تسلیم کرتے ہوئے ریلوے محنت کشوں کو ان کا قانونی و آئینی حق دیتے ہوئے ریفرنڈم کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مسلم اُمہ خصوصاً ایران کے خلاف جاری جارحیت اور بربریت کی شدید مذمت کی گئی اور اسے اس صدی کا ایک بڑا انسان دشمن عمل قرار دیا گیا۔ عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ان اقدامات کے خلاف مؤثر کارروائی کریں۔
اجلاس میں ریلوے حکام کی بے حسی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریلوے انتظامیہ بجلی کی فراہمی کے معاملے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اس صورتحال کے باعث لوگوں کے برقی آلات اور گھریلو سامان مسلسل جل رہے ہیں جبکہ ملازمین اور ان کے اہل خانہ شدید ذہنی دباؤ اور مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اس مسئلے کا فوری حل نکالا جائے۔ یا تو بجلی کے نظام کی مناسب مینٹیننس کو یقینی بنایا جائے یا اسے کراچی الیکٹرک کے حوالے کر دیا جائے، بصورت دیگر ملازمین احتجاج اور ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پرمم کی جانب سے وزیر ریلوے، وزیر اعظم پاکستان، صدر پاکستان، چیئرمین سینیٹ اور چیف آف آرمی اسٹاف کو ریلوے کے موجودہ حالات کے حوالے سے ایک مفصل خط ارسال کیا گیا تھا۔ جس کے نتیجے میں ریلوے میں محدود پیمانے پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا گیا ہے، تاہم یہ اقدامات ناکافی ہیں۔ مزید برآں ریلوے کے مختلف شعبوں کے لیے انتہائی ضروری ریپیئر میٹریل تاحال فراہم نہیں کیا گیا۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ریٹائرڈ ملازمین، بیواؤں اور حاضر سروس ملازمین کے واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں۔ اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں بینوولنٹ فنڈ جاری نہیں کیا گیا، حالانکہ یہ رقم خود ملازمین کی جمع شدہ ہوتی ہے۔
اجلاس میں کنٹریکٹ اور ٹی ایل اے ملازمین کو مستقل کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت مرکزی صدر محمد نسیم راؤ نے کی۔ اجلاس میں مرکزی چیئرمین منظور احمد ملاح، مرکزی سرپرست اعلیٰ دلبر خان مگسی، مرکزی ترجمان سید شاہد اقبال، صابر حسین تنولی، امیر بخش رند، عطاء اللہ انصاری، محمد ایاز ہالیپوٹہ، شکیل اعوان، مظہر علی شاہ، عبدالقادر سولنگی، بلاول سہتو، حافظ مظہر علی، شاہنواز سولنگی، عبد الحمید بلوچ، عبد الحلیم سہتو سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔

