spot_img

ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے: کاشف سعید شیخ

ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے: کاشف سعید شیخ

کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین، سفارتی اقدار اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے خاندان کی شہادت محض ایک سیاسی واقعہ نہیں ہے بلکہ بین الاقوامی نظام کی ناکامی کا کھلا اعلان ہے۔ ایران پر حملوں اور اس کی قیادت کی شہادت نے خطے کو ایک نئے بحران کی طرف دھکیل دیا ہے۔

جماعت اسلامی سندھ کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ برادر اسلامی ملک ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے حملے ریاستی خود مختاری پر براہ راست حملہ، بین الاقوامی قوانین، سفارتی اقدار اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ اگر اس وقت امریکی اور اسرائیلی جارحیت کو نہ روکا گیا تو دنیا ایک بار پھر ہیروشیما اور ناگاساکی جیسے مناظر دیکھنے کے لیے تیار ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے خاندان کی شہادت محض ایک سیاسی واقعہ نہیں ہے بلکہ بین الاقوامی نظام کی ناکامی کا کھلا اعلان ہے۔ برادر ملک ایران کے خلاف عالمی شیطان امریکہ اور اسرائیل کی ننگی جارحیت نے عالمی امن کو تباہ اور عالمی جنگ کے امکانات کو بڑھا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کہہ رہے ہیں کہ ایران پر حملے کی وجہ خطے میں استحکام اور اپنے اتحادی اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنا ہے لیکن درحقیقت یہ جنگ امت کے وسائل پر قبضہ کرنے اور ’’گریٹر اسرائیل‘‘ کے قیام کے مذموم منصوبےکا حصہ ہے۔ اگر مسلمان حکمران امریکی تکبر اور بزدلی کا مظاہرہ کرتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب ان کی باری آئے گی۔

کاشف سعید شیخ کنے کہا کہ شاہ فیصل، صدر صدام حسین، کرنل قذافی اور اب آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نااہل حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ پاکستان کے حکمران اور مقتدر قوتوں کو ملک میں عوامی غم و غصہ کو دبانے کے لیے گولیاں چلانے کے بجائے برادر اسلامی ملک ایران کا ساتھ دینا چاہیے۔ ایران پر حملوں اور اس کی قیادت کی شہادت نے خطے کو ایک نئے بحران کی طرف دھکیل دیا ہے۔ اگر اس آگ کو فوری طور پر نہ بجھایا گیا تو اس کے شعلے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔

کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ ویتنام سے لے کر عراق، افغانستان، کیوبا، وینزویلا، سوڈان، صومالیہ، لیبیا سے لے کر ایران تک امریکی سامراج کی ننگی جارحیت نے دنیا کو انسانیت کی تباہی اور ملکوں کی بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ایران کے خلاف امریکی شیطان کی بلا اشتعال جنگ نے ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کے تمام بین الاقوامی قوانین، اصول اور اصول طاقت کے سامنے بے بس ہیں۔ مشرق وسطیٰ پہلے ہی عدم استحکام، پراکسی جنگوں اور سیاسی بحرانوں کا شکار ہے۔ ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت سے نہ صرف پورا خطہ بلکہ پوری دنیا مزید غیر یقینی، پرتشدد اور خطرناک دور میں داخل ہو سکتی ہے۔ یورپ اور امریکہ کو یاد رکھنا چاہیے کہ اگر ایران کے خلاف جنگ نہ روکی گئی تو جنگ کے سائے مشرق وسطیٰ ہی نہیں پوری دنیا پر پھیل جائیں گے اور تیسری عالمی جنگ شروع ہو جائے گی جس سے انسانی وجود کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔

اجلاس میں دعوتی، تنظیمی، سیاسی صورتحال اور مسابقتی کارکردگی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں