“خسرہ اور روبیلا“وائرس بچوں کی جان تک لے سکتے ہیں:منگھوپیر ٹاؤن چیئرمین
کراچی: حکومتِ سندھ ، محکمۂ صحت، عالمی ادارۂ صحت ، یونیسف اور Gavi کے تعاون سے ملک بھر میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم 17 نومبر سے 29 نومبر 2025ء تک جاری ہے، جس کے تحت 6 ماہ سے 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو خسرہ اور روبیلا کی حفاظتی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ بعض اضلاع میں اس دوران بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے تاکہ انہیں پیدائشی معذوری، قوتِ مدافعت کی کمزوری اور دیگر سنگین بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
منگھوپیر ٹاؤن میں اس مہم کو موثر، کامیاب اور زیادہ سے زیادہ بچوں تک پہنچانے کے لیے چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی مسلسل طور پر نہ صرف مہم کی تیاریوں میں شامل رہے بلکہ مہم شروع ہونے کے بعد خود فیلڈ میں پہنچ کر عوام میں آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے آج متعدد اسکولوں، مساجد، کمیونٹی سینٹرز اور ویکسینیشن کیمپوں کا وزٹ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کو اپنی نگرانی میں ویکسین بھی لگوائی اور والدین کو بیماریوں کے خطرات سے آگاہ بھی کیا۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ“خسرہ اور روبیلا ایسے وائرس ہیں جو بچوں کی جان تک لے سکتے ہیں۔ ان بیماریوں سے بچاؤ کا واحد مستند طریقہ بروقت ویکسینیشن ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کے بہتر اور محفوظ مستقبل کے لیے اس قومی مہم کا بھرپور حصہ بنیں۔ منگھوپیر ٹاؤن میں کوئی بچہ بغیر ویکسین کے نہیں رہنے دیا جائے گا۔”
انہوں نے والدین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو قریبی ویکسینیشن مراکز، اسکولوں یا موبائل ٹیموں کے پاس لازمی لے کر آئیں اور کوئی بھی بچہ اس مہم سے محروم نہ ہو۔
مزید برآں، حاجی نواز علی بروہی نے ٹاؤن ہیلتھ افسران، ویکسینیشن ٹیموں اور تمام عملے کو ہدایت کی کہ وہ پوری دیانتداری، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ اس قومی مہم کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بھی بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں گی۔
مہم کے دوران تمام متعلقہ یونٹس کو فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ ہر یونین کونسل میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیے گئے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کر رہے ہیں۔ ٹاؤن انتظامیہ والدین کے تعاون، آگاہی مہم اور بروقت ویکسینیشن کے ذریعے اس سال ریکارڈ تعداد میں بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے لیے پرعزم ہے۔مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے قومی صحتِ تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں۔
