نیوکراچی ٹاؤن میں ریٹائر ملازمین کو واجبات کی ادائیگی 89 لاکھ 92 ہزار 829 روپے کے چیک تقسیم
نیو کراچی ٹاؤن میں ریٹائر ہونے والے 20 ملازمین کو فائنیشل اسسٹنس اور لیو ان کیشمنٹ کی مد میں مجموعی طور پر 89 لاکھ 92 ہزار 829 روپے کے چیک تقسیم کیے گئے۔چیکوں کی تقسیم کی تقریب چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس میں میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر اور اکاؤنٹس آفیسر سلمان شیخ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ "اللہ کا شکر ہے کہ ہم بلدیاتی خدمات کے ساتھ ساتھ اپنے افسران اور ملازمین کے حقوق پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ واجبات کی ادائیگی بروقت اور شفاف طریقے سے ہو تاکہ ملازمین اپنے مستقبل کے حوالے سے مطمئن رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں اور ملازمین کے باہمی تعاون سے نیو کراچی ٹاؤن میں نمایاں تبدیلی آئی ہے جس طرح منتخب نمائندے دن رات عوامی خدمت میں مصروف ہیں، اسی طرح افسران اور ملازمین بھی بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ میرا فرض ہے کہ عوامی خدمت کے ساتھ ملازمین کے درمیان ادارہ جاتی توازن بھی برقرار رکھوں۔
"چیئرمین محمد یوسف نے بتایا کہ سندھ حکومت کو گزشتہ واجبات کی ادائیگی کے لیے اب تک بارہ مرتبہ خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں تاکہ پچھلے سالوں سے زیرِ التوا رقوم کی ادائیگی ممکن ہو سکے انہوں نے گروپ انشورنس کے مسئلے پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ "ملازمین کی تنخواہوں سے انشورنس کٹوتی ہونے کے باوجود انتقال کر جانے والے ملازمین کے لواحقین کو ادائیگی نہیں ہوتی تھی، یہ معاہدہ ہم نے نہیں کیا تھا۔” انہوں نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن نے اب گروپ انشورنس کے لیے نیا معاہدہ کر لیا ہے اور آئندہ مرحوم ملازمین کے ورثاء کو انشورنس کی رقم لازمی ادا کی جائے گی۔اس موقع پر میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔ آج کے یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ نیو کراچی ٹاؤن اپنے عملے کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ ہم شفافیت، محنت اور بہترین کارکردگی کے ساتھ ٹاؤن کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ریٹائر ہونے والے ملازمین نے ٹاؤن انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو قابل تعریف قرار دیا۔
