ڈی سی ویسٹ کے دفتر میں منگھوپیر ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں اورصفائی ستھرائی سے متعلق اہم اجلاس
کراچی: ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار علی میمن کے دفتر میں منگھوپیر ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی، سیوریج سسٹم اور عوامی سہولتوں کے حوالے سے ایک نہایت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے خصوصی طور پر شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جہانگیر شاہ، میونسپل کمشنر آغا خلیق اور ٹاؤن کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں منگھوپیر ٹاؤن کی موجودہ صورتحال، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے ڈپٹی کمشنر ویسٹ کو بتایا کہ ٹاؤن انتظامیہ عوامی مفاد کے منصوبوں پر دن رات کام کر رہی ہے، تاہم بعض علاقوں میں فنڈز کی فراہمی، مشینری کی قلت اور تکنیکی مسائل کے باعث کچھ رکاوٹیں درپیش ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ ضلعی انتظامیہ ان منصوبوں کے جلد از جلد مکمل ہونے میں تعاون فراہم کرے تاکہ عوام کو ریلیف پہنچایا جا سکے۔
چیئرمین نے اس موقع پر تبلیغی اجتماع کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ ایک اہم دینی و سماجی اجتماع ہے، جس کے انتظامات منگھوپیر ٹاؤن اپنی مکمل نگرانی میں انجام دے رہا ہے۔ صفائی، روشنی، پانی، سڑکوں کی مرمت اور ٹریفک پلان جیسے تمام امور پر خصوصی ٹیمیں کام کر رہی ہیں تاکہ اجتماع میں شریک ہزاروں افراد کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار علی میمن نے چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منگھوپیر ایک وسیع اور اہم علاقہ ہے، اور وہاں کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جہانگیر شاہ کو ہدایت دی کہ منگھوپیر ٹاؤن کے تمام جاری کاموں پر خصوصی توجہ دی جائے اور متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ رکھتے ہوئے ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جہانگیر شاہ نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ منگھوپیر ٹاؤن کو درپیش مسائل ضلعی سطح پر ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں گے اور انتظامی تعاون ہر سطح پر جاری رہے گا۔
اجلاس کے دوران چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے سردیوں کے موسم کے پیشِ نظر عوامی فلاح کے ایک نئے اقدام کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال منگھوپیر ٹاؤن انتظامیہ اپنی نگرانی میں ایک خصوصی مہم “سردی میں گرم احساس” کے عنوان سے شروع کر رہی ہے، جس کے تحت بے گھر اور ضرورت مند افراد میں کمبل اور گرم لباس تقسیم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ ہمارا دینی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے کہ ہم اُن لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں جو سرد راتوں میں سڑکوں پر رہنے پر مجبور ہیں۔”
ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار علی میمن نے حاجی نواز علی بروہی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ “یہی وہ جذبۂ خدمت ہے جو حقیقی عوامی قیادت کو ممتاز بناتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر ٹاؤن انتظامیہ کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔”
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے ڈپٹی کمشنر ویسٹ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جہانگیر شاہ اور تمام موجود افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی ترقی، صفائی اور عوامی بہبود کے منصوبے مشترکہ تعاون سے ہی ممکن ہیں۔
