کمشنر کراچی کی زیرِ صدارت اجلاس،منگھوپیر ٹاؤن کی کارکردگی رپورٹ پر تفصیلی جائزہ
کراچی: ڈپٹی کمشنر ویسٹ کے دفتر میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت ایک نہایت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منگھوپیر ٹاؤن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی، میونسپل کمشنر اغا خلیق اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
کمشنر کراچی نے اجلاس کے دوران چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن سے تفصیلی بریفنگ طلب کی اور استفسار کیا کہ گزشتہ مالی سال میں ٹاؤن کی آمدنی، ترقیاتی اخراجات، حاصل ہونے والے ریونیو کی صورتحال کیا رہی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مالیاتی امور میں شفافیت، بروقت آڈٹ اور درست ریکارڈنگ یقینی بنائی جائے تاکہ عوامی فنڈز کا استعمال درست سمت میں ہو۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کمشنر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں گزشتہ سال کے دوران صفائی ستھرائی، سڑکوں کی بحالی، سیوریج لائنوں کی مرمت اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ روڈ کٹنگ فیس پراپرٹی ٹیکس ٹریڈ لائسنس ون پرسنٹ ٹاؤن ٹیکس اور UIPT سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ترقیاتی منصوبوں میں بروئے کار لایا جا رہا ہے حاصل فنڈز کے استعمال میں مکمل شفافیت برقرار رکھی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نادہندگانِ ٹیکس کے خلاف کارروائی کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کی گئی ہے تاکہ مالی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے تعلیم، کھیلوں کے فروغ، صفائی مہمات اور شجرکاری جیسے اہم عوامی منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم جاری ہے، جس کے ذریعے علاقے میں فضائی آلودگی میں کمی اور صاف ستھرا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے حاجی نواز علی بروہی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں انتظامی نظم، مالی شفافیت اور عملی خدمت کا جذبہ قابلِ تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ سالانہ کارکردگی رپورٹ میں دکھائی گئی پیش رفت اطمینان بخش ہے، تاہم اداروں کو مزید فعال اور ریونیو نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ منگھوپیر ٹاؤن کو ’’ماڈل ٹاؤن‘‘ بنایا جا سکے۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ تمام مالیاتی امور بشمول روڈ کٹنگ، پراپرٹی ٹیکس ٹریڈ لائسنس اور UIPT کے ریکارڈ کا تفصیلی آڈٹ کیا جائے گا، اور آئندہ سال کے بجٹ کی تیاری انہی اعداد و شمار کی بنیاد پر کی جائے گی۔
اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جہاں تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی ترقی، صفائی، تعلیم، کھیل اور ماحولیات کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
