اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے قومی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب کے دوران بچوں کو قطرے پلا کر رواں سال کی پہلی پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔
اسلام آباد میں انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جہاں تقریب سے خطاب میں میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہم 2025 کی پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز کررہے ہیں اور اس تقریب میں معصوم بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس مہم کے ذریعے ملک کے کروڑوں بچوں کو پولیو سے بچاء کے قطرے پلا کر پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ،بدقسمتی سے پچھلے سال پولیو کے77کیسز سامنے آئے، یہ کیسز ایک بڑا چیلنج تھا، رواں سال جنوری میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔پولیو ورکرز دور دراز علاقوں میں بچوں کو قطرے پلا کر قومی ذمہ داری ادا کریں گے، ہم نے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنا ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے ہمسایہ ملک افغانستان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
