قلات میں فورسز کے ایک آپریشن کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جب کہ مقابلہ کرتے ہوئے 18 جوان شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی شب دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگچر میں سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ بزدلانہ کارروائی دشمن قوتوں کے اشارے پر کی گئی۔ دہشت گردوں کا مقصد بلوچستان کے پرامن ماحول کو خراب کرنا اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا تھا، جس پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر حرکت میں آئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ 18 بہادر سپوتوں نے جرأت و بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران مقامی آبادی کی حفاظت اور سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ فورسز پرعزم ہیں کہ اس بزدلانہ کارروائی کے ذمے داروں، سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہمارے بہادر شہدا کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن،استحکام اور ترقی کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے سینہ سپر ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراج تحسین
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے منگوچر ضلع قلات، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی میں 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس کارروائی میں 18 جوانوں کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار بھی کیا اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور پاک افواج کی یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ قوم اپنے بہادر سپوتوں پر ہمیشہ فخر کرتی آ رہی ہے۔ دہشتگرد ملکی سلامتی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں اور انہیں جلد از جلد ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے امن و استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اس کارروائی کے ذریعے سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ وہ ملک کی سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
