اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ اقتصادی اور سکیورٹی تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی مبارکباد دی اور نئے سال کی تقریبات میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی لائے گا۔
چینی سفیر نے اس خوشی کے موقع پر چینی حکومت اور اس کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
