متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے الزام لگایا ہےکہ کراچی کے تاجروں سےگفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا لہجہ دھمکی آمیز تھا۔ کراچی آپ کے آنے کے بعد جس شکل میں ہے اس کی وضاحت تو کریں۔
کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ آپ نے تاجروں سے ملاقات میں اسٹریٹ کرائمز پر معافی کیوں نہیں مانگی؟ آپ کہتے ہیں پرچیاں آنا بند ہوگئی ہیں، آج روزانہ کی بنیاد پر بھتہ طلب کیا جا رہا ہے اور نہ دینے پر روز قتل کیے جارہے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ آپ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی کو تباہ کر رہے ہیں، گزشتہ 15 سال سے سندھ میں جمہوریت کے نام پر ایک جماعت حکمرانی کر رہی ہے، مگر سندھ کے شہری علاقے بدترین حالات کا شکار ہیں۔
