کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے یو سی 1 ٹی سی ایف اسکول کے قریب گیس لائن بچھائی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے گیس لائن کے منصوبے کو علاقے کی ترقی کے لیے سنگ میل قرار دیا
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک عملی اقدام ہے۔ گیس کی فراہمی کے مسائل کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، جسے جلد از جلد ختم کرنا ضروری ہے۔ گیس نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی پریشانی اور مشکلات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اس کی وجہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اس میں ایل پی جی کو خریدنا جو سب کی قوت خرید میں نہیں رہی اور وہ گھریلو صارفین کے لیے خطرناک بھی ہے۔
انہوں نے ٹھیکیداروں اور متعلقہ عملے کو تاکید کی کہ کام میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ایک پائیدار سہولت فراہم کی جاسکے۔ مزید برآں، انہوں نے علاقے کے رہائشیوں سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی کاموں میں تعاون کریں اور کسی بھی قسم کی شکایت یا مسئلے کی صورت میں انتظامیہ کو فوری اطلاع دیں۔
آخر میں انہوں نے یقین دلایا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھو پیر علاقے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کر رہی ہے، اور آئندہ بھی ایسے منصوبے شروع کیے جائیں گے جو عوامی زندگی میں آسانی پیدا کریں۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر آغا خلیق، وائس چیئرمین رانا محمد عارف، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے انفارمیشن سیکرٹری علی اکبر کا چھیلو،یو سی ون کے کونسلر جاوید بروہی،کونسل ممبر کوثر اقبال علاقائی معززین ٹاؤن کے افسران و عملہ بھی موجود تھے ۔
