سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات میں امتیاز شیخ صدر اور تہمنیہ آصف عظیم سینئر نائب صدر منتخب

سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات میں امتیاز شیخ صدر اور تہمنیہ آصف عظیم سینئر نائب صدر منتخب

کراچی: سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے انتخابات برائے مدت 2026ء تا 2030ء، 15 نومبر 2026ء کو شام 6 بجے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں نہایت خوشگوار، پُرامن اور جمہوری ماحول میں منعقد ہوئے، جس میں نئی قیادت کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ انتخابات کا تمام عمل باہمی مشاورت، اتفاقِ رائے اور جمہوری اصولوں کے مطابق مکمل ہوا۔

انتخابات کے نتیجے میں امتیاز احمد شیخ صدر، تہمنیہ آصف عظیم سینئر نائب صدر جبکہ عائشہ علینا سیکریٹری جنرل منتخب ہوئیں۔ اسی طرح دیگر عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی بلا مقابلہ منتخب قرار پائے۔

نومنتخب عہدیداران میں نائب صدور کے لیے حنا عیسیٰ اور ایم ناصر، ایسوسی ایٹ سیکریٹریز کے لیے مسز فرحانہ، نگار منگی اور عظیم الحق جبکہ سیکریٹری فنانس (خزانچی) کے لیے شیراز آصف منتخب ہوئے۔

ایسوسی ایشن کے مختلف تکنیکی شعبہ جات کی ذمہ داریاں بھی متعین کی گئیں، جن کے مطابق شاہد آفتاب چیئرمین امپائرنگ، ایم اقبال چیئرمین ٹیکنیکل اور فراز اعجاز چیئرمین کوچنگ منتخب ہوئے۔

اسی طرح ایگزیکٹو ممبران میں عبید حسین، سید غفران، ایم اقبال قریشی، وسیم احمد , ذنیرہ فراز ،زرین امتیاز بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔

انتخابی عمل کی شفافیت اور جمہوری تقاضوں کو یقینی بنانے کے لیے سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل نسیم خان، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل احمد علی راجپوت،آبزرور ثناء علی اصغر بلوچ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس افیسر اسماعیل شاہ کی موجودگی میں انتخابی کارروائی مکمل کی گئی

اس موقع پر نومنتخب صدر امتیاز احمد شیخ نے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سافٹ بال کے فروغ اور ترقی کے لیے تمام عہدیداران کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ہماری اولین ترجیح صوبے بھر میں سافٹ بال کی سرگرمیوں کو وسعت دینا، نوجوان اور خواتین کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوچنگ، امپائرنگ اور تکنیکی شعبوں کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اراکین کے باہمی تعاون سے سندھ میں سافٹ بال کو مزید فعال اور مقبول کھیل بنایا جائے گا۔

نومنتخب سیکریٹری جنرل عائشہ علینا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے انتظامی امور کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں سافٹ بال کی سرگرمیوں کو فروغ دینے، خواتین اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد اور نئے کھلاڑیوں کو مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی ٹیم باہمی مشاورت اور ٹیم ورک کے ذریعے ایسوسی ایشن کے اہداف کے حصول کے لیے کام کرے گی۔

نئی قیادت نے اس امید کا اظہار کیا کہ 2026ء تا 2030ء کی مدت کے دوران سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کھیل کی ترقی، ادارہ جاتی استحکام، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور مختلف سطحوں پر مقابلوں کے انعقاد کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں