امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے عید گاہ نور اسلام روڈ کا افتتاح کردیا

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے عید گاہ نور اسلام روڈ کا افتتاح کردیا

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر کے ہمراہ یونین کونسل نمبر  9،  سیکٹر 11-F   میں کارپیٹنگ کے ذریعے تعمیر ہونے والی 5   سڑکوں کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین یو سی  9  حنظلہ انور قریشی، امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، ڈاکٹر شکیل، جماعت اسلامی کے ضلعی و مقامی ذمہ داران، ٹاؤن افسران، ڈائریکٹر انسداد تجاوزات عبید الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر انسداد تجاوزات محمد صدیق اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانا جماعت اسلامی کے عوامی نمائندوں کی اولین ترجیح ہے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی قیادت میں جس رفتار سے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، اس کی مثال پورے کراچی میں کم ہی ملتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان منصوبوں کو عوام میں بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کراچی کی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا ہے۔ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں شہر میں متعدد تعلیمی ادارے، دل کے امراض کا جدید اسپتال اور پانی کی فراہمی کے اہم منصوبے شروع کیے گئے۔ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے K-4   منصوبہ بھی ترتیب دیا گیا، تاہم برسوں گزرجانے کے باوجود اس اہم منصوبے کو  مکمل نہیں کیا جا سکا۔ جماعت اسلامی نے حالیہ دنوں پیٹرول پر عائد لیوی کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا، جس کے نتیجے میں حکومت کو قیمتوں میں کمی کرنا پڑی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے عوام پر زور دیا کہ اگر وہ اپنے مسائل کا مستقل حل اور شہر کی ترقی چاہتے ہیں تو انہیں دیانت دار اور خدمت گزار قیادت کا ساتھ دینا ہوگا۔وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی سربراہی میں گلیوں کی تعمیر کا منصوبہ تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے اور اب تک بارہ سو سے زائد گلیاں تعمیر کی جا چکی ہیں۔ ترقی و تعمیر کے اسی سلسلے کے تحت آج یو سی  9  سیکٹر 11-F   میں کارپیٹنگ کے ذریعے تعمیر ہونے والی 5   سڑکوں کا افتتاح کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کی منتخب قیادت نیو کراچی ٹاؤن کو ایک ماڈل ٹاؤن بنانے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں