پاکستان اور کرغزستان کے مابین تجارت، آئی ٹی اور انسداد دہشتگردی سمیت اہم معاہدے

پاکستان اور کرغزستان کے مابین تجارت، آئی ٹی اور انسداد دہشتگردی سمیت اہم معاہدے

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔معاہدوں کی تقریب کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر نے بھی شرکت کی۔

دونوں ممالک کے مابین ہونے والے ان معاہدوں پر دستخط کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور کرغز جمہوریہ کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ پاکستان اور کرغزستان دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے اور اس حوالے سے باہمی تعاون بڑھایا جائے گا۔دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت دینے میں معاونت کریں گے۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی پاکستان اور کرغزستان میں اتفاق رائے ہوا ہے، جبکہ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کاسا توانائی منصوبے سے متعلق معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو بھی خوش آئند قرار دیا۔  وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے اس اقدام سے اہم پیش رفت کی توقع ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کے لیے کاروباری قوانین اور طریقہ کار کو مزید آسان بنائیں گے۔ پاکستان اور کرغزستان باہمی تجارت کو 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں، جس کے لیے نجی شعبے کے روابط اور تجارتی مواقع میں اضافہ کیا جائے گا۔پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں ہونے والے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہیں، جن سے باہمی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں