مستقبل کے معماروں کو بہترتعلیمی ماحول فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں:محمد یوسف
کراچی: جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں۔مستقبل کے معماروں کو بہترتعلیمی ماحول فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین محمد یوسف نے نیوکراچی ٹاؤن کے زیر انتظام چلنے والے اسکولوں کے دورے کے دوران کیا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،یونین کمیٹی نمبر 11 کے چیئرمین غضنفر علی،ڈائریکٹرایجوکیشن نیو کراچی سید محمد منزمل عباس،ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن حنین میؤ، XEN بی اینڈ آر اشفاق حسین،انجینئر بی اینڈ آر فیصل صضیرو دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے حکیم احسن لائبریری سیکٹر 11-L ،عبدالستار ایدھی اسکول اور مولانا تمیزالدین اسکول سیکٹر 5-E کے دورے کے دوران اسکولوں میں جاری تزین و آرائش کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ تزین و آرائش کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ طلباء و طالبات کو بہتر ماحول کی فراہمی ممکن ہوسکے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ سابقہ دور میں سرکاری بلدیاتی اسکولوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے اسکول کی عمارتیں خستہ حالی کا شکار تھیں اور طلباء و طالبات کو بنیادی ضروریات کی سہولیات بھی میئسر نہیں تھیں آج الحمد اللہ نیو کراچی ٹاؤن کے بلدیاتی اسکولوں میں بہتری آرہی ہے جبکہ طلباء و طالبات کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں،سرکاری اسکولوں میں نئی عمارتوں کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔ نیو کراچی ٹاؤن میں مسائل بہت زیادہ ہیں مگر ہمارے حوصلے بلند ہیں ہم وسائل کا رونا نہیں روتے ہیں محدود وسائل میں بھی عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا عمل بلا تعطل جاری ہے جبکہ نیو کراچی ٹاؤن میں نالوں پر قائم گزر گاہیں جو عرصہ دراز سے ٹوٹی ہوئی تھیں جن میں سحر سینٹر سیکٹر 5-M میں پُلیا کی تعمیر کی گئی ہے جبکہ یوپی موڑ پر بھی پُلیا کی تعمیر کا کام جاری ہے۔چیئرمین نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں جاری کاموں کی وجہ سے تبدیلی کم نظر آرہی ہے جس کی وجہ مسائل کا بہت زیادہ ہوناہے ہر گلی اور سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے،مگر اگلے سال تک انشاء اللہ نیو کراچی ٹاؤن کی بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔
