پاکستان نے افغان قونصل جنرل کا موقف مسترد کردیا
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ افغان قونصل جنرل حفیظ محب اللہ شاکر کی پاکستان کے قومی ترانے پر کھڑے نہ ہونے سے متعلق وضاحت مسترد کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میزبان ملک کے قومی ترانے کی بے حرمتی سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے،ہم نے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ افغان قونصل جنرل پاکستان میں سفارتکار کا اسٹیٹس انجوائے کر رہے ہیں اور ان کے پاس پاکستان کا ویزہ موجود ہے۔
واضح رہے کہ پشاور میں 12 ربیع الاول کو منعقد رحمت العالمین کانفرنس میں شریک افغان قونصل جنرل اور ان کے ساتھی پاکستان کا قومی ترانہ بجنے پر احترام میں کھڑے نہیں ہوئے تھے۔
