سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں عید میلادالنبیﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا
کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے تحت جمعہ کو عید میلاد النبی ﷺ بڑی عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئر اینڈ کونسلنگ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں سندھ مدرسہ یونیورسٹی اور ایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کے طلباء نے قرات، نعت اور تقاریر پیش کیں اور کہا کہ ہمارے پیارے آقا حضرت محمد ﷺ کی آمد ہم مسلمانوں کے ساتھ ساری دنیا اور انسانیت کے لیے باعث رحمت ہے۔
سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ ہم مسلمانوں کے لیے آخری نبی ہیں لیکن وہ ہم سب کے ساتھ تمام انسانیت کے لیے بھی رحمت اللعالمین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی سیرت مبارک اور تعلیمات ہمیں امن، پیار، بھائی چارہ، انصاف، ایمانداری، نیک نیتی، سچائی، خلوص، رواداری، برداشت، درگذر اور انسانیت کی خدمت سکھاتی ہیں- انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے پیارے پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی حیات مبارک اور تعلیمات کے ایک ذرے پر بھی پر عمل کریں تو ہم اچھے مسلمان اور اچھے انسان بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دونوں جہانوں کے پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی سیرت مبارک اور تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے تب ہی ہم اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ انسانیت کی بھی صحیح طریقے سے خدمت کر سکیں گے۔
ڈاکٹر مجیب صحرائی نے مزید کہا کہ آج امت مسلمہ کو اپنے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی اس لئے بھی اشد ضرورت ہے، کیونکہ وہ بہت سارے مسائل کا شکارہے۔
ڈاکٹر مجیب صحرائی نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی اور ایس ایم آئی یو ماڈل اسکول کے طلباء و طالبات کی تعریف کی جنہوں نے عید میلاد النبی ﷺ میں حصہ لیا اور کہا کہ انہیں قومی سطح پر ہونے والی اس طرح کی تقریبات میں شرکت کرنی چاہیے۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ کونسلنگ کے ڈائریکٹر محمد نعیم احمد اور ان کی ٹیم کو عید میلادالنبی ﷺ کا شاندار انعقاد کرنے پر بھی سراہا۔ اس عید میلاد النبی ﷺ کی تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینس، مختلف تعلیمی اور انتظامی شعباجات کے سربراہان، فیکلٹی اور طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
