سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 16 اور 17 نومبر کو مختلف  آپریشنز کے دوران کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔

اس کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 15 ارکان ہلاک ہوگئے۔

علاوہ ازیں بنوں ضلع میں بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 2 الگ الگ جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانوں کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے مزید 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اسی طرح ٹانک میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔

سیکیورٹی فورسز کی تینوں اضلاع میں مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ عناصر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے امکانات ختم کرنے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران 22 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔

صدرِ مملکت نے جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں مختلف کارروائیوں کے دوران خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری  نے کہا کہ ملک میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں