کراچی میں صفائی کا مسئلہ تقریباً 95 فیصد حل ہو چکا ہے: شرجیل انعام میمن
کراچی:سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ میر رضا کیس میں جس کی کوتاہی ہوگی، اسے سزا ملے گی۔سندھ کابینہ کے فیصلے کے تحت ہی جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا تھا۔گزشتہ روز سندھ کابینہ کے اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پیش کی گئی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے تین سینئر وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کمیٹی میں ضیاء الحسن لنجار، سعید غنی اور ناصر شاہ شامل ہیں۔ کمیٹی رپورٹ کا مطالعہ کرکے کابینہ کو آگاہ کرے گی۔جوڈیشل کمیشن جو سفارش کرے گا، اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کسی ایک فرد کی غلطی کو پورے محکمے کی غلطی قرار دینا زیادتی ہوگی۔یہ وہی سندھ پولیس ہے جس نے بڑے بڑے مقدمات حل کرکے دکھائے ہیں۔کراچی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ ایسے واقعات صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پاکستان اور پوری دنیا میں پیش آتے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پولیس کا فرض ہے کہ شفاف تحقیقات کرے اور ذمہ داران کو سزا دلوائے۔یہ مقدمہ پولیس کے لیے بھی ایک سبق ہے کہ آئندہ عجلت کے بجائے مکمل تحقیقات کی جائیں۔ کراچی میں اورنج لائن کا منصوبہ تیار ہے۔ریڈ لائن منصوبے میں یونیورسٹی روڈ پر کام ایک بڑا چیلنج تھا۔ اب یونیورسٹی روڈ پر زیادہ پریشانی نہیں ہے، تاہم تجاوزات کے مسائل موجود ہیں۔ ریڈ لائن کا مشکل اور تکلیف دہ کام مکمل ہو چکا ہے، اب اسٹیشنز اور ڈپو تعمیر کیے جانے ہیں۔یلو لائن پر کام شروع ہونا ہے، جبکہ جام صادق پل کا دوسرا حصہ بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی پورٹ سے کورنگی تک سڑک تعمیر کی جا رہی ہے۔محکمۂ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ناردرن بائی پاس کے قریب ٹرک اسٹینڈ تعمیر کیا جا رہا ہے۔پانی کو صاف کرکے قابلِ استعمال بنانے کا منصوبہ شروع ہو چکا ہے۔کراچی میں صفائی کا مسئلہ تقریباً 95 فیصد حل ہو چکا ہے۔کراچی ایک بہت بڑا شہر ہے، حالات کو بہتر ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔
