محکمہ ٹرانسپورٹ نے 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کی سمری کابینہ کو ارسال کردی
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد صوبے کے مختلف شہروں میں مرحلہ وار نئی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دے رہی ہے،سندھ حکومت کی ترجیح ہے کہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت صرف کراچی تک محدود نہ رہے۔پیپلز بس سروس کے دائرہ کار کو مسلسل بڑھایا جا رہا ہے ۔ نئے روٹس کا مقصد شہریوں کو سستی اور بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
شرجیل انعام میمن نےکہا کہ 50 ڈبل ڈیکر بسیں 30 نومبر تک سندھ پہنچ جائیں گی، جنہیں مختلف روٹس پر چلایا جائے گا۔ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد سے ایک جانب مسافروں کو اضافی سفری گنجائش میسر آئے گی۔قمبر شہدادکوٹ میں پیپلز بس سروس کے آغاز کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔قمبر، شہدادکوٹ اور دیگر علاقوں کے شہری جدید بس سروس کو سراہ رہے ہیں۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کا منصوبہ سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک اہم اضافہ ہوگا نئی الیکٹرک بسیں شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔
