حکومت کا موٹرسائیکل سواروں اور چھوٹی گاڑیاں رکھنے والوں کے لئے سبسڈی کا اعلان
وزیراعظم نے عوام کے دکھ کا احساس کرتے ہوئے خصوصی اسکیم کا اجرا کیا، ایسا نظام پہلے کبھی متعارف نہیں کرایا گیا، وزیر اطلاعات
اسلام آباد: وزیراعظم کی پیٹرول پر سبسڈی اسکیم کے حوالے سے وفاقی وزرا نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتا دیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا کہ نےکہا کہ موٹرسائیکل سواروں اور 800 سی سی تک گاڑی رکھنے والوں کے لیے پیٹرول پر سبسڈی کی تفصیلات جاری کردیں، جس کے مطابق موٹرسائیکل سواروں کو فی لیٹر 100 روپے سبسڈی ملے گی۔
شزا فاطمہ نے صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا کہ موٹرسائیکل سواروں کو ایک ہفتے میں 5 لیٹر سبسڈائزڈ پیٹرول ملے گا اور وہ مہینے میں مجموعی طور پر 20 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی حاصل کرسکیں گے۔800 سی سی تک گاڑی رکھنے والے ایک وقت میں 10 لیٹر پیٹرول حاصل کرسکیں گے، جبکہ کار سواروں کو مہینے میں 30 لیٹر سبسڈائزڈ پیٹرول مل سکے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ شہری 1997 پر میسج کرکے پیٹرول پر سبسڈی حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم لیوی کم کرنے میں آئی ایم ایف کا مسئلہ ہے۔ شزا فاطمہ کے مطابق ملک میں 2 کروڑ 13 لاکھ موٹرسائیکلیں، 6 لاکھ سے زائد رکشے جبکہ 17 لاکھ گاڑیاں ہوں گی۔ رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو Reg لکھ کر شناختی کارڈ نمبر، گاڑی یا موٹرسائیکل کا نمبر، صوبے کے نام کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ لکھ کر 9771 پر بھیجنا ہوگی۔
وفاقی وزیر شزا فاطمہ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے لیے A، اسلام آباد کے لیے I، گلگت بلتستان کے لیے G، خیبرپختونخوا کے لیے K، پنجاب کے لیے P اور سندھ کے لیے S لکھ کر بھیجنا ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم سے متعلق پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعظم نے مستحق افراد کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم کا اجراء کیا ہے۔ یہ ریلیف ان لوگوں کے لیے ہے جن پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سب سے زیادہ بوجھ ہے۔ موٹرسائیکل اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو ریلیف ملے گا۔ 9771 سے موصول ہونے والا ٹوکن پٹرول پمپ پر دکھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نظام پہلے کبھی متعارف نہیں کروایا گیا اور وزیراعظم نے عوام کے دکھ کا احساس کرتے ہوئے خصوصی اسکیم کا اجراء کیا ہے۔
