وزیراعظم سے گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندگان کی اسلام آباد میں ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کی نمائندگان کلپنا کوچر اور انیتا زیدی پر مشتمل وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے ترقیاتی چیلنجز کے دورانِ گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا۔
پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کو اعلیٰ ترین سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔ گیٹس فاؤنڈیشن نے پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں، غذائی تحفظ، زچہ و نوزائیدہ صحت، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم اصلاحاتی ترجیحات، گورننس ریفارمز اور کیش لیس اکانومی حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ کیش لیس پاکستان کا مقصد عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا، حکومتی نظام میں شفافیت بڑھانا اور سرکاری رقوم کو بغیر کسی تاخیر یا ضیاع کے مستحقین تک پہنچانا ہے۔ حکومت اور گیٹس فاؤنڈیشن کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر خواتین کی مالیاتی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے لیے اقدامات پر کام کرنے کی بھی خواہش کا اظہار کیا۔
