سندھ بار ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین اورایگزیکٹو کمیٹی کے وفد کی وزیر قانون سندھ سے ملاقات
کراچی: سندھ بار ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین اور ایگزیکٹو کمیٹی کے وفد نے وزیر قانون و داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے ملاقات کی
وفد کی قیادت وائس چیئرمین سندھ بار ایسوسی ایشن اشتیاق احمد میمن نے کی، جبکہ سکھر بار کے صدر قربان ملانو اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین امیر بخش میتلو، ریاض بھٹی اور قربان میتلو بھی وفد میں شامل تھے۔
ملاقات میں وکلا برادری کی فلاح و بہبود، درپیش مسائل اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سکھر میں قائم اے بی ڈی لا کالج کو اپ گریڈ کرکے زیبل یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کی منظوری کے لیے سمری کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔
وزیر قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ وکلا کے لیے سکھر سوسائٹی کی زمین کی منظوری بھی حتمی مراحل میں ہے۔ کراچی میں وکلا کی سہولت کے لیے سندھ حکومت ملیر سے سندھ ہائی کورٹ تک دو بسیں چلائے گی۔اسی طرح حیدرآباد میں دو جبکہ روہڑی سے سکھر تک ایک بس بھی وکلا برادری کے لیے چلائی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے سندھ بار کے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت سندھ بار کونسل کو ہمیشہ بھرپور مالی معاونت فراہم کرتی رہے گی۔ میں خود بھی وکیل ہوں، اس لیے وکلا برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔ پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔سندھ بار کونسل کی جانب سے وکلا اور ان کے اہل خانہ کے لیے اسپتال کے قیام کی کوششیں جاری ہیں۔
سندھ بار کونسل نے اپنے موجودہ پلاٹ پر اسپتال کی تعمیر کے لیے سندھ حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔وکلا کے اسپتال کے لیے فیزیبلٹی رپورٹ اور پی سی ون تیار کیا جا رہا ہے۔
وزیر قانون و داخلہ سندھ نے متعلقہ حکام کو پی سی ون اور فیزیبلٹی رپورٹ جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
