صوبے میں جاری اور مجوزہ میگا منصوبے جدید انفراسٹرکچر کی بنیاد رکھیں گے: شرجیل انعام میمن
کراچی: شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ کی مؤثر پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث سندھ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کا گیٹ وے بنتا جا رہا ہے، صوبے میں جاری اور مجوزہ میگا منصوبے جدید انفراسٹرکچر کی بنیاد رکھیں گے ، روزگار، صنعت، تجارت اور عوامی سہولیات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔حکومت سندھ کی کاوشوں سے سندھ جدید، خوشحال اور سرمایہ کاری کا مرکز بننے جا رہا ہے،شفاف طرزِ حکمرانی، جدید پالیسیوں، ون ونڈو سہولت اور سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کے باعث ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کی معیشت کو مزید مضبوط بنانے، برآمدات میں اضافے اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ایس تھری سیوریج منصوبہ، دھابیجی اسپیشل اکنامک زون، ایس باس اور جدید اسمارٹ سرویلنس سسٹم جیسے میگا منصوبے ترقی کی تاریخ رقم کریں گے۔حکومت سندھ کراچی کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کے جامع ترقیاتی پیکیج پر بھی کام کر رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ جامع ترقیاتی پیکج کے تحت سڑکوں، پلوں، پانی کی فراہمی، سیوریج، برساتی پانی کی نکاسی اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ مجوزہ میڈیکل سٹی منصوبہ سندھ کو صحت کے شعبے میں ایک جدید مرکز بنانے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔میڈیکل سٹی منصوبہ سے عالمی معیار کی طبی سہولیات، تحقیق اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔نئے صنعتی زونز اور سرمایہ کاری کے کلسٹرز کے قیام سے مقامی صنعت کو وسعت، نئی سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔شہری انفراسٹرکچر، پانی، سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے نئے منصوبے کراچی سمیت سندھ کے دیگر بڑے شہروں کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کریں گے۔عوامی و نجی شراکت داری کے تحت 109 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے، جو صوبے کی ترقی، روزگار، سرمایہ کاری اور عوامی فلاح میں اہم کردار ادا کریں گے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت وعدوں کے بجائے عملی کارکردگی پر یقین رکھتی ہے۔سندھ ترقی، سرمایہ کاری اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے ، آنے والے برسوں میں ملک کی اقتصادی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کرے گا۔
