سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کو پوری قوت سے کچل دیا جائے گا: فیلڈ مارشل
اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشتگردی کو پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور اس موقع پر شرکاء سے گفتگو میں کہا کہ این ڈی یو جیسے ادارے مستقبل کی عسکری و سول قیادت کو ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے آراستہ کررہے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ دشمن ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے مکمل باخبر ہے،پراکسی عناصر کوپاکستان کے امن او خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی ہرگزاجازت نہیں دیں گے، افواج قوم کی حمایت کے ساتھ ان پراکسی عناصر کے ٹھکانوں کا خاتمہ یقینی بنائے گی جبکہ دہشتگرد وں کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پیچیدہ اسٹریٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک بصیرت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جنگیں بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔
