امریکا اور ایران ممکنہ معاہدے کے بہت قریب پہنچ گئے
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ابھی حتمی معاہدہ نہیں ہوا، تاہم دونوں ممالک ایک ممکنہ معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور جنگ بندی میں توسیع کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ابھی چند اہم نکات پر مذاکرات جاری ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ فی الحال مجوزہ معاہدے کی منظوری دینے کیلئے تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید پیش رفت کے بعد ہی صدر ٹرمپ معاہدے کی توثیق کی پوزیشن میں ہوں گے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے مطابق امریکا اس پوزیشن میں ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو مزید پیچھے دھکیل سکے، تاہم اس مقصد کیلئے تفصیلی مذاکرات اور واضح شرائط ضروری ہیں۔اس وقت یہ کہنا مشکل ہے کہ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ مجوزہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر کب دستخط کریں گے۔
