ایران کے مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں، دفاع کیلئے پوری طاقت سے لڑنے کو تیار ہیں:عباس عراقچی
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں تاہم اگر ملک پر جنگ مسلط کی گئی تو ایران اپنے دفاع کے لیے پوری طاقت سے لڑنے کے لیے تیار ہے۔
نئی دہلی میں ہونے والے برکس وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا بلکہ سفارت کاری، مذاکرات اور علاقائی استحکام کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔تہران ہمیشہ سیاسی اور سفارتی حل کو ترجیح دیتا آیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف ’غیر قانونی جارحیت‘ کی کھل کر مذمت کریں۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن اور معیشت دونوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے کہا کہ ایران کے نقطۂ نظر سے یہ اہم بحری راستہ تمام تجارتی جہازوں کے لیے کھلا ہے، تاہم جہازوں کو ایرانی بحری افواج کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا تاکہ خطے میں سکیورٹی اور استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
