وائٹ ہاؤس کے صحافیوں کے سالانہ ڈینر کی تقریب میں فائرنگ، صدر ٹرمپ محفوظ، مشتبہ شخص گرفتار
وائٹ ہاؤس کے صحافیوں کی ایسوسی ایشن کے سالانہ ڈنر کی تقریب کے دوران اچانک فائرنگ کی آوازوں نے ہلچل مچا دی
فائرنگ کی آواز کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول کو سیکیورٹی ادارے نے فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق تقریب واشنگٹن ہلز میں جاری تھی کہ اچانک زوردار دھماکوں جیسی آوازیں سنائی دیں جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر حاضرین کو نیچے رہیں کی ہدایت دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کو اپنے حصار میں مرکزی اسٹیج سے باہر لے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی کی خصوصی یونٹ کاؤنٹر اسالٹ ٹیم کے مسلح اہلکار اسٹیج پر تعینات ہو گئے اور ہال کے پچھلے حصے کی جانب اسلحہ تان لیا گیا۔
واقعے کے بعد اعلیٰ حکام کو بھی فوری طور پر نکال لیا گیا جن میں امریکی خاتون اول، نائب امریکی صدر جے ڈی وینس، امریکی کابینہ کے ارکان سمیت پیٹ ہیگسیتھ اور کاش پٹیل شامل ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق تقریباً پانچ گولیوں جیسی آوازیں سنائی دیں۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
