حافظ نعیم الرحمن نے فیڈرل بی ایریا میں عبدالقدیر خان ٹیک اسپیس، ابوتراب اسکول اور گلبرگ ٹرانسفارمیشن پروگرام کا افتتاح کردیا
گلبرگ ٹاؤن نئے تعلیمی سال میں 10 ہزار طلبہ کو تعلیم کارڈ جاری کرے، بچوں کو اے آئی کی تعلیم بھی دیں گے، حافظ نعیم الرحمن
کراچی:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے فیڈرل بی ایریا میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان ٹیک اسپیس، گورنمنٹ ابوتراب اسکول اور گلبرگ ٹرانسفارمیشن پروگرام کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر انہوں نے گلبرگ ٹاؤن کو نئے تعلیمی سال میں 10 ہزار طلبہ کو تعلیم کارڈ جاری کرنے کا ہدف دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کی تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ میں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جماعت اسلامی کا میئر آئے گا تو ہم اختیارات سے بڑھ کر کام کرکے دکھائیں گے۔ آج کراچی میں جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین اختیارات سے بڑھ کر کام کرکے دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو اے آئی سمیت جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے گلبرگ ٹاؤن کو ہدایت کی کہ نئے تعلیمی سال میں ٹاؤن کی سطح پر 10 ہزار طلبہ کو تعلیم کارڈ جاری کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی معاونت فراہم کی جاسکے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ اور پنجاب کی حکومتیں 11 ہزار سے زائد سرکاری اسکول این جی اوز کے حوالے کرچکی ہیں، جبکہ گلبرگ ٹاؤن اپنے محدود وسائل میں سرکاری اسکولوں کی بحالی اور تعلیمی ماحول کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کررہا ہے اور اسکولوں کو این جی اوز کے حوالے کرنے کے بجائے خود ان کی بحالی پر کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کو بہتر بنانا اور بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنا حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ مقامی حکومتوں کو بااختیار بناکر تعلیم سمیت بنیادی شہری مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق گلبرگ ٹاؤن تعلیم، صحت اور میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے کام کررہا ہے۔ گورنمنٹ ابوتراب اسکول کی بحالی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے، جہاں بچوں کے لیے بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ٹیک اسپیس کے قیام کا مقصد بچوں کو جدید ٹیکنالوجی، کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت سے متعلق تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ بھی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتیں نکھار سکیں۔
نصرت اللہ نے گلبرگ ٹرانسفارمیشن پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بلاک 17، 18، 19 اور 20 میں تقریباً 23 لاکھ اسکوائر فٹ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام کیا جارہا ہے، جس میں 70 سڑکیں اور 300 اندرونی گلیاں شامل ہیں۔ ان چاروں بلاکس میں سوئی گیس کی نئی لائنوں کی تنصیب کے باعث سڑکیں متاثر ہوئی تھیں، جن کی بحالی شہریوں کی سہولت اور آمدورفت کو بہتر بنانے کے لیے ضروری تھی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی سڑکوں کی کٹائی کے بعد بحالی کے لیے فنڈز فراہم کیے جاتے رہے، لیکن شہریوں کو ترقیاتی کام ہوتے ہوئے نظر نہیں آتے تھے۔ اب گلبرگ ٹاؤن میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و بحالی کے کام واضح طور پر نظر آرہے ہیں اور شہریوں کو براہ راست ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ گلبرگ ٹرانسفارمیشن پروگرام کا مقصد محض سڑکیں بنانا نہیں بلکہ شہریوں کے لیے بہتر راستوں کی فراہمی اور علاقے کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بحال کرنا ہے۔
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جارہا ہے۔ ابوتراب اسکول کی بحالی، ڈاکٹر عبدالقدیر خان ٹیک اسپیس کا قیام اور بڑے پیمانے پر سڑکوں و گلیوں کی تعمیر اس عزم کا اظہار ہے کہ محدود وسائل کے باوجود عوامی ضروریات کو ترجیح دے کر عملی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
تقریب میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ، وائس چیئرمین محمد الیاس، امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج، سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، میونسپل کمشنر حمیر احمد اور دیگر ذمہ داران و معززین نے شرکت کی۔
