ورلڈ کلچر فیسٹیول کے انتظامات کے سلسلے میں میئر کراچی کا محمد احمد شاہ کے ہمراہ آرٹس کونسل سمیت برنس گارڈن اور بارہ دری کا دورہ
پورا پاکستان میری دھرتی ہے، میں پیسوں کے لیے نہیں بلکہ اپنی دھرتی کی خدمت کے لیے کام کرتا ہوں، محمد احمد شاہ
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026 کے سلسلے میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ آرٹس کونسل سمیت برنس گارڈن اور بارہ دری (پولو گراؤنڈ) کا دورہ کیا۔ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے مختلف پروگرامز آرٹس کونسل سمیت برنس گارڈن اور بارہ دری میں منعقد ہوں گے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کو عالمی ثقافتی نقشے پر لانے میں آرٹس کونسل نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ دنیا بھر سے فنکاروں کی کراچی آمد شہر کے لیے اعزاز ہے اور ورلڈ کلچر فیسٹیول میں ان کی شرکت کراچی کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتی ہے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سے لے کر نوجوانوں تک پوری ٹیم کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ ورلڈ کلچر فیسٹیول ثقافت کے جشن اور عالمی فنکاروں کو خوش آمدید کہنے کا بہترین موقع ہے۔ کراچی، سندھ اور پاکستان امن کی سرزمین ہیں اور ہم دنیا کے سامنے اپنا مثبت تشخص اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔ فیسٹیول کے ذریعے کراچی کے تاریخی مقامات، ثقافتی ورثے اور خوبصورت عوامی مقامات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا، جبکہ اس مقصد کے لیے شہر کے ڈیجیٹل اور روایتی بل بورڈز بھی استعمال کیے جائیں گے۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے فنکاروں، موسیقاروں، نوجوانوں اور اسکالرز کی سرپرستی ضروری ہے۔ مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور معاونت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آرٹس کونسل کے ساتھ مزید اشتراک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے بعد بھی ثقافتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیسوں کے لیے نہیں بلکہ اپنی دھرتی کی خدمت کے لیے کام کرتے ہیں اور پورا پاکستان ان کی دھرتی ہے۔ کراچی میں پیدا ہونے کے باعث انہیں اس شہر سے خصوصی وابستگی ہے، کیونکہ کراچی سندھ کا حصہ ہے۔ اپنی دھرتی سے محبت اور اس کی خدمت ہی ان کا اصل مقصد ہے۔
ورلڈ کلچر فیسٹیول کے انتظامات کے حوالے سے محمد احمد شاہ نے بتایا کہ آرٹس کونسل ایک ماہ سے زائد عرصے سے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اس سلسلے میں ان کے دفتر میں ایک اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں کمشنر کراچی، ڈی جی ٹیکنیکل، ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں مختلف مقامات پر کام جاری ہے اور ان شاء اللہ صورتِ حال بہتر ہو جائے گی۔
محمد احمد شاہ نے کہا کہ دنیا بھر سے فنکاروں کی آمد نے کراچی اور سندھ میں ثقافتی سرگرمیوں کو وسعت دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ فیسٹیول میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، جبکہ چیف سیکریٹری سندھ انتظامی امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف سیکریٹری نے 22 محکموں کے افسران کا اجلاس بھی بلایا، جس میں میئر کراچی سمیت متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ کمشنر کراچی اور کے ایم سی بھی فیسٹیول کے انتظامات میں تعاون کر رہے ہیں۔ صدر آرٹس کونسل نے میئر کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں برنس گارڈن میں جاری کام قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے بتایا کہ برنس گارڈن میں قوالی نائٹ منعقد ہوگی، جبکہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کی اختتامی تقریب بارہ دری میں ہوگی، جس میں معروف گلوکار سجاد علی پرفارم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بارہ دری اپنی تاریخی اہمیت رکھتی ہے اور گزشتہ فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں تقریباً 50 ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔
محمد احمد شاہ نے مزید بتایا کہ تقریباً 100 نوجوان یونیورسٹی گریجویٹس فیسٹیول کے انتظامات میں حصہ لے رہے ہیں اور دنیا بھر سے آنے والے فنکاروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ آخر میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو درودِ ابراہیمی پر مشتمل خطاطی کا فن پارہ پیش کیا۔
